اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق یمن پر سعودی جارحیت میں شرکت نہ کرنے کے نتیجے میں ریاض اور اسلام آباد کے ناراضگی اور کھچاؤ کے ماحول کو دور کرنے کے مقصد سے نواز حکومت نے سعودی حکومت کے لئے رعایتی فوجی پیکج کا اعلان کیا ہے- اس رپورٹ کے مطابق نواز حکومت نے آل سعود حکومت کو راضی کرنے کے لیے لڑاکا طیاروں سمیت جدیداسلحے کی رعایتی نرخوں پرفراہمی، فوجی تربیتی پروگرامزمیں وسعت اوربعض اہم سعودی مقامات پر تعینات پاکستانی فوجیوں کی تعدادمیں اضافے پرمبنی پیکیج کی پیشکش کی ہے۔
باخبرذرائع کے مطابق وزیراعظم نواز شریف کے آرمی چیف جنرل راحیل شریف کے ساتھ حالیہ دورہ سعودی عرب، غلط فہمیاں اور تناؤ دور کرنے میں کافی حدتک کامیاب رہا اور طے کردہ اہداف کے حصول کے حوالے سے ان کے اس دورے کو کامیاب قراردیا جارہا ہے- بتایا جاتا ہے کہ پاکستانی قیادت نے جہاں آل سعود کوکوئی خطرہ لاحق ہونے کی صورت میں ایک بارپھر بھرپور فوجی تعاون کایقین دلایا وہاں سعودی دفاعی ضروریات پوری کرنے میں بھی ہرممکنہ معاونت کی بات کی۔ واضح رہے کہ پاکستانی پارلمنٹ نے ایک قرارداد کے زریعے یمن کے عوام کے خلاف سعودی جارحیت میں پاکستان کے شامل ہونے کی مخالفت کی تھی جس پر آل سعود اور بعض دیگر عرب ملکوں کے حکام نے اپنی سخت ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان کے خلاف غیر سفارتی اور نازیبا زبان استعمال کی تھی، جس پر پاکستانی رائے عامہ اور بعض سرکاری حکام نے سخت ردعمل دکھایا تھا-
.......
/169